بھٹکل:20/ دسمبر(ایس اؤنیوز)شہر کے آسارکیری میں گھر کے عقب میں موجود باکڑا دکان اور وہاں کھڑے کئے گئے آٹو رکشا کو شرپسندوں نے آگ لگانے کی کوشش کرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد بھٹکل میں پولس کی سیکوریٹی بے حد سخت کردی گئی ہے۔
آسارکیری کے منجوناتھ ناگپا نائک کی طرف سے داخل کردہ شکایت میں کہا گیا ہے کہ منگل کی رات قریب 2شرپسند وں نے ان کی باکڑا دکان اور آٹورکشا کو آگ لگائی اور موقع پر سے فرار ہوگئے ہیں۔ منجوناتھ کے مطابق کتے کی آواز سن کر گھروالے فوراً اُٹھ کر باہر آگئے تھے، دیکھا تو وہاں چھوٹی سی چنگاری جلتی ہوئی نظر آئی ،جس کو انہوں نے فوری طورپر بجھا دیا۔ اس دوران سڑک پر موجود سرکاری بجلی کھمبے کی لائٹ کو شرپسندوں نے بند کر دیا اور فرار ہوگئے۔ شکایت میں مانگ کی گئی ہے کہ پولس ملزموں کو جلد سے جلد گرفتار کرے۔
اس سلسلے میں پولس کا کہنا ہے کہ جائے واردات پر سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کی مدد سے جانچ کی جارہی ہے۔ واقعے کے فوری بعد ضلع میں موجود ریپیڈ ایکشن فورس کے نوجوانوں کو بھٹکل بلوایا گیا اور پولس کا نہایت سخت انتظام کیا گیا۔